ہنگری کی جانب سے پاکستانی طلبہ کے لیے 400 وظائف کا اعلان.
پاکستان اور ہنگری کے درمیان تعلیمی تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے ہنگری نے پاکستانی طلبہ کو 400 وظائف دینے کا اعلان کیا ہے۔ دفتر خارجہ کے مطابق یہ پیش رفت نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس کے موقع پر پاکستان کے نائب وزیرِاعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ہنگری کے وزیر خارجہ پیٹر سجارتو کی ملاقات کے بعد سامنے آئی۔ اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے سفارتی تعلقات کے 60 سال مکمل ہونے پر دوطرفہ تعاون کے مزید امکانات تلاش کرنے کے عزم کو دہرایا۔
پاکستانی دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق اسحاق ڈار نے پاکستانی طلبہ کے لیے وظائف فراہم کرنے پر ہنگری کے وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا، جب کہ پیٹر سجارتو نے یقین دہانی کرائی کہ ہنگری تعلیمی شعبے میں تعاون جاری رکھے گا۔ ملاقات میں دونوں فریقین نے سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ رکھنے والے شہریوں کے لیے ویزا ختم کرنے، باہمی سرمایہ کاری، سول ایوی ایشن تعاون اور پاکستان اور ہنگری کے درمیان براہِ راست پروازوں کے آغاز پر بھی اتفاق کیا۔ ان اقدامات کو دونوں ملکوں کے تعلقات کو مزید گہرا کرنے کی سمت اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق ہنگری کی جانب سے وظائف کی فراہمی نہ صرف پاکستانی نوجوانوں کے لیے تعلیمی مواقع بڑھائے گی بلکہ یورپ اور پاکستان کے درمیان عوامی روابط کو بھی مضبوط کرے گی۔ اپریل میں ہنگری کے وزیر خارجہ کے پاکستان کے دورے کے دوران ثقافت اور آثار قدیمہ کے شعبوں میں مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط ہو چکے ہیں، جو دونوں ممالک کے تعلقات کی وسعت کی عکاسی کرتے ہیں۔ اس تناظر میں تعلیمی شعبے میں تعاون مستقبل کے لیے ایک مثبت سنگ میل تصور کیا جا رہا ہے، خاص طور پر اس وقت جب پاکستان یورپی ممالک کی سرمایہ کاری اپنی ترجیحی صنعتوں میں لانے کے لیے سرگرم ہے۔
Comments
Post a Comment