ڈی جی آئی ایس پی آر کا خصوصی انٹرویو
ڈی جی آئی ایس پی آر کا خصوصی انٹرویو: پاک چین تعلقات، بھارت سے کشیدگی اور خطے میں امن پر واضح مؤقف
— پاک فوج کے ترجمان ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے حالیہ انٹرویو میں چینی میڈیا گروپ سے گفتگو کرتے ہوئے بھارت کے ساتھ کشیدگی، پاک چین تعلقات، خطے میں امن و استحکام اور پاکستان کے قومی مؤقف پر جامع روشنی ڈالی۔
پاکستان کی سب سے بڑی طاقت: قوم اور اس کا عزم
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے زور دے کر کہا کہ پاکستان کی اصل طاقت اس کی قوم کا اتحاد، حوصلہ اور قربانی کا جذبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ:
"ہم اللہ کے بعد سب سے زیادہ اپنے اوپر انحصار کرتے ہیں۔ جب عزم مضبوط ہو تو عالمی برادری بھی ساتھ دیتی ہے۔"
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم کبھی جھکی نہیں، اور آج بھی شہادت ہماری اولین ترجیح ہے۔
بھارت کے جھوٹے بیانیے کو مسترد
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھارت کی جانب سے بلاجواز الزامات اور جھوٹے بیانیے کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ:
"اگر کوئی ملک دوسرے ملک پر جھوٹے جواز کے تحت چڑھائی کرے، تو یہ عمل ناقابل قبول ہے۔"
انہوں نے یہ بھی کہا کہ کوئی ملک اپنے ہمسایوں پر اجارہ داری قائم نہیں کر سکتا۔
پاک چین تعلقات: خطے میں امن کی بنیاد
ڈی جی آئی ایس پی آر نے پاک چین دوستی کو خطے میں امن، ترقی اور استحکام کی مضبوط بنیاد قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ:
"پاکستان اور چین دو ذمہ دار ریاستیں ہیں جو عوامی فلاح و بہبود کو ترجیح دیتی ہیں۔ دونوں ممالک دہشتگردی کے خلاف جنگ میں مثالی تعاون کر رہے ہیں۔"
انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کا مقصد ترقی کو روکنا ہے، لیکن پاکستان اور چین نے اسے شکست دینے کا عزم کر رکھا ہے۔
چین کی ترقی سے سیکھنے کی ضرورت
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے چین کی تیز رفتار ترقی کو سراہتے ہوئے کہا کہ دنیا کو چین سے سبق لینا چاہیے، جس نے قلیل مدت میں بڑی آبادی کے ساتھ ترقی کی مثال قائم کی۔
پاکستان کا عزم: امن، ترقی اور خود انحصاری
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام امن، استحکام اور ترقی کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا:
"آج پاکستان کی گلیوں میں لوگ فتح نہیں بلکہ امن کی خوشی مناتے ہیں۔ ہماری اولین ترجیح امن ہے اور ہم اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں۔"

Comments
Post a Comment